Get Mystery Box with random crypto!

آج کا سبق : عہد رسالت کے دو بچے حضرت عبدالرحمٰن بن عو ف رضی | Mufti Syed Adnan Kakakhail (Official)

آج کا سبق : عہد رسالت کے دو بچے

حضرت عبدالرحمٰن بن عو ف رضی اللہ عنہ مشہور اور بڑے صحابہ رضی اللہ عنہم میں ہیں ۔فرماتے ہیں کہ میں بدر کی لڑائی میں میدان میں لڑنے والوں کی صف میں کھڑا تھا ۔میں نے دیکھا کہ میرے دائیں اور بائیں جانب انصار کے دو کم عمر لڑکے ہیں ۔مجھے خیال ہو ا کہ میں اگر قوی اور مضبوط لوگوں کے درمیان ہوتا تو اچھا تھا کہ ضرورت کے وقت ایک دوسرے کی مدد کر سکتے ۔ میرے دونوں جانب بچے ہیں یہ کیا مدد کرسکیں گے ۔
اتنے میں ان دونوں میں سے ایک نے میرا ہاتھ پکڑ کر کہا ۔چچا جان تم ابوجہل کو بھی پہچانتے ہو۔میں نے کہا ۔ہاں پہچانتا ہوں تمہاری کیا غرض ہے ۔اس نےکہا مجھے یہ معلوم ہوا ہے کہ وہ رسول اللہﷺ کی شان میں گالیاں بکتا ہے ۔ اس پاک ذات کی قسم جس کے قبضہ میں میری جان ہے اگرمیں اس کو دیکھ لوں ۔تو اس وقت تک اس سے جدا نہ ہوں گا کہ وہ مرجائے یا میں مرجاؤں ۔ مجھے اس کے اس سوال اور جواب پر تعجب ہو ا ۔ اتنے میں دوسرے نےیہی سوال کیا اور جو پہلے نے کہا تھا وہی اس نے بھی کہا۔
اتفاقاًمیدان میں ابوجہل دوڑتا ہو ا نظرآگیا ۔ میں نے ان دونوں سے کہا کہ تمہارا مطلوب جس کے بارہ میں تم مجھ سے سوال کررہے تھے وہ جارہاہے ۔دونوں یہ سن تلواریں ہاتھ میں لیے ہوئے ایک دم بھاگے چلے گئے اور جاکر اس پر تلوار چلانی شروع کر دی یہاں تک کہ اس کو گرا دیا ۔(بخاری )

ماخوذ از:" آج کا سبق "صفحہ 414
تالیف :مفتی اعظم حضرت مولانا محمد شفیع صاحب رحمہ اللہ
انتخاب :نورمحمد