Get Mystery Box with random crypto!

۔۔ عـــذابــــــ... آج کھیت جل جانا، سیلا | 📚 اردو نصیحتیں 📕

۔۔ عـــذابــــــ...

آج کھیت جل جانا، سیلاب آ جانا، کاروبار ناکام ہو جانا یہ سب عام اتفاق و حادثہ مان کر لوگ ٹل جاتے ہیں لیکن سورہ "ن" میں باغ والوں کا باغ جل گیا تو اللہ نے کہا {كَذَ ٰ⁠لِكَ ٱلۡعَذَابُۖ وَلَعَذَابُ ٱلۡـَٔاخِرَةِ أَكۡبَرُۚ لَوۡ كَانُوا۟ یَعۡلَمُونَ} [Surah Al-Qalam: 33]
کہ "کاش کہ انہیں پتہ ہوتا کہ عذاب ایسے ہی ہوتا ہے اور جو آخرت میں عذاب ملنے والا ہے وہ تو انتہائی سخت ہے."

دراصل عذاب کوئی چند منتخب چیزیں نہیں ہیں کہ ہم کہہ دیں یہ دیکھو عذاب آ گیا. بلکہ کوئی بھی چیز کسی کے بھی حق میں عذاب ثابت ہو سکتی ہے. کاش کہ لوگ اس بات کو سمجھ لیں. ہر وہ چیز جو انسان کو بے بس و لاچار کر دے وہ عذاب ہے. پوری ترقی یافتہ دنیا ایک وایرس کے آگے بے بس و لاچار ہو گئی تو یہ وایرس ہی عذاب ہو گیا. کاش کہ لوگ سمجھتے. پانی کا ریلا انسان کی ساری ترقیوں کو بہا لے جائے تو وہی ریلا عذاب ہے. دراصل کبھی کبھی اللہ تعالیٰ بندوں کو اتنا بے بس کر دینا چاہتا ہے کہ وہ جان لیں کہ وہ اور ان کی ترقیاں کتنی بودی ہیں جن پر وہ بھروسہ کئے بیٹھے ہیں اور اپنے اصل مقصد سے غافل ہیں. اسی کو اللہ تعالیٰ نے فرمایا {وَلَنُذِیقَنَّهُم مِّنَ ٱلۡعَذَابِ ٱلۡأَدۡنَىٰ دُونَ ٱلۡعَذَابِ ٱلۡأَكۡبَرِ لَعَلَّهُمۡ یَرۡجِعُونَ}
[Surah As-Sajdah: 21]
کہ ہم بڑے عذاب سے پہلے چھوٹے چھوٹے عذاب سے لوگوں کو دوچار کرتے رہتے ہیں تاکہ وہ بے بس و لاچار ہو کر آخر کو میری طرف پلٹ آئیں. اور بڑا عذاب وہی ہے جو تحریر کے شروع میں ذکر کیا گیا. باغ والوں کا باغ جلا تو ان اللہ والوں کو فوراً احساس ہو گیا کہ یہ فقط ایک حادثہ نہیں ہے بلکہ ہماری بری نیتوں کی وجہ سے اللہ کا عذاب نازل ہوا ہے اور انہوں نے اپنے مقدر کو کوسنے اور اللہ کو برا بھلا کہنے کے بجائے فوراً اللہ سے توبہ کی "کہ ہمارا رب ظلم و زیادتی سے پاک ہے ہم ہی برے تھے. اور پھر سارے بھائی آپس میں ایک دوسرے کو برا بھلا کہنے لگے، انہوں نے کہا، ہاے ہمارا ناس ہو ہم نے تو حد ہی کر دی تھی، چلو چھوڑ ہو سکتا ہے اللہ ہمیں اس باغ سے بھی بہتر باغ عطاء فرما دے، ہم تو اپنے رب کی طرف پلٹ رہے ہیں. " (سورہ نون ٢٩-٣٢).
یہ عذاب بھی اللہ کی نعمت ہوتے ہیں کہ وہ انسان کو اللہ کی یاد دلاتے ہیں. انتہائی بدقسمت ہیں وہ جو عذاب سے دوچار ہو کر بھی اللہ سے اپنے جرائم کی معافی نہ مانگ لیں اور جرائم کو ترک نہ کر دیں. جس نے عذاب کے مقصد کو سمجھا اس کے لئے عذاب نعمت ہے اور جس نے عذاب کے مقصد کو نہ سمجھا وہ دنیا میں تو خوار ہو ہی رہا آخرت کا بڑا عذاب بھی اس کا مقدر ہو گا. رہی بات بڑے بڑے مجرموں کی اللہ پکڑ کیوں نہیں کرتا؟ تو یہ ہماری نادانی اور ایمان کی کمزوری کی علامت ہے. ہم نے آخرت کو دیکھنے سے پہلے ہی کیسے کہہ دیا کہ اللہ بڑے بڑے مجرموں پر مہربان ہے؟ اللہ نے تو قرآن میں ایسے واقعات بھی ذکر کئے ہیں کہ جن میں اہل ایمان دہکتی آگ میں جھونکے جا رہے تھے اور کافر کنارے بیٹھے مومنوں کو آگ میں جھلستا دیکھ کر قہقہے لگا رہے تھے. یعنی آپ صرف دنیا کو دیکھ کر فیصلہ کریں گے تو آپ اللہ سے ہر ہر قدم پر بدگمان ہو جائیں گے.

لہذا کیا عذاب ہے کیا عذاب نہیں ہے؟ فلانے کو عذاب کیوں نہیں آیا فلانے کو کیوں آ گیا؟ بڑے بڑے مجرم تو رنگ رلیاں کر رہے اور غریب بندوں پر عذاب کیوں؟ اس کا ذمہ دار کون ہے اور کتنا ہے؟ ان سب سے پہلے اللہ سے توبہ کی جائے. ہر ایک اپنے گریبان میں جھانکے. اگر خود کو مجرم سمجھتا ہو تو اللہ سے توبہ کرے اور اگر خود کا کوئی جرم نظر نہیں آتا تو یاد رکھو یہ مصیبت آپ کے درجات بلند کرے گی. نبی ﷺ نے فرمایا کہ مومن کو ایک کانٹا بھی چبھتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس تکلیف کے بدلے اس کے گناہ مٹا دیتا ہے. سیلاب اور زلزلے تو بہت بڑی تکلیفیں ہیں. یقیناً صبر کرنے والوں کو اللہ بہترین اجر دینے والا ہے. اللہ کے لئے اللہ والے بنیں. اور ہاں بہت ساری پریشانیاں یقیناً ناقص کارکردگی کا نتیجہ ہوتی ہیں اس لئے آج نکمے حکمرانوں کو کوسنے دینے کے بجائے عام دنوں میں ان کے گریبان پکڑنا سیکھیں. ووٹ دے کر جیت کی خوشی میں لڈو کھا کر گھر میں چپ کر بیٹھنے کے بجائے مسلسل منتخب نمائندوں کو ان کے وعدے یاد دلاتے رہیں. پورے وارڈ میں ایک فرد کے ساتھ بھی نمایندہ زیادتی کرے تو پورے وارڈ کے لوگ ایک ساتھ آواز اٹھائیں. مطلق حیوان ہونے۔ کے بجائے انسان ہونے کا ثبوت دیجئے. اللہ ہمیں پریشانیوں سے سبق سیکھنے کی توفیق عطاء فرمائے. آمین یا رب العالمین۔

ابو رملہ
┄┅┅✪❂✵✵❂✪┅┅┄┄
اردو نصیـــحتیں
┄┄┅┅✪❂✵✵❂✪┅┅┄┄
فيــــس بـــك پیـــج لنـــك:
https://www.facebook.com/UrduNaseehaten/
ٹیــــلی گـــــرام لنـکــــ:
t.me/UrduNaseehaten