Get Mystery Box with random crypto!

در مدحِ ابن خطاب رضی اللّٰه عنہ ہمیں اسلام کا صدقہ ملا ہے ع | 🌸 مدحِ صحابہؓ پر اشعار 🌸

در مدحِ ابن خطاب رضی اللّٰه عنہ

ہمیں اسلام کا صدقہ ملا ہے
عمر کے نام کا صدقہ ملا ہے

مرے حصے میں کیا خیرات آئی
عمر کی منقبت لایا ہوں بھائی

عمر کا نام لکھتا ہوں قلم سے
تو میں آزاد ہوجاتا ہوں غم سے

عمر حق ہے، عمر کا دین حق ہے
وہ جیسے سورہءِ یاسین حق ہے

مجھے سب لوگ بہتر جانتے ہیں
عمر والوں کا نوکر جانتے ہیں

بہت ہی آفریں جیون ہے اس کا
پیمبر کے قریں مدفن ہے اس کا

عمر کو عبقری مانا گیا ہے
یہ جوہر جوہری مانا گیا ہے

دلوں پر کیوں نہ ہوگی اس کی شاہی
بڑھادی اس نے شانِ کج کُلاہی

درِ عرفان و حکمت کھولتا تھا
وہ پہلے تولتا پھر بولتا تھا

عمر کی بات محکم بات ٹھہرے
عمر کے مشورے آیات ٹھہرے

عمر بولے تو بولے اس کا مولا
عمر کے ساتھ ہو لے اس کا مولا

عمر کا دور پاکی کی سند ہے
عمر سے ہٹ کے جو ہے مسترد ہے

صحابہ پر حکومت کی ہے اس نے
بڑے لوگوں کی خدمت کی ہے اس نے

دبے رہتے تھے لہجے اس کے آگے
گورنر کانپتے تھے اس کے آگے

عمر جرأت کا محکم استعارہ
عمر پیارا ہے پیاروں سے بھی پیارا

عمر نطقِ نبوت کی دعا ہے
خدا جانے عمر کتنا بڑا ہے

نبی پر جب عمر ایمان لایا
لبوں پر نعرہءِ تکبیر آیا

علی الاعلان ہجرت کرنے والا
کوئی ہے ایسی جرأت کرنے والا

زباں اس کی بیاں اس کا ہے نادر
یہ میرا دل مکاں اس کا ہے نادر

بڑا پاکیزہ ہے دربار اس کا
کہ روضہ ہے ابد آثار اس کا

سخن خیرات کرتا ہی رہوں گا
عمر کی بات کرتا ہی رہوں گا

یہ حرف ِ معتبر اس کے لیے ہے
مرا سارا ہنر اس کے لیے ہے

وہ الہامی زباں رکھتا تھا نادر
عجب زورِ بیاں رکھتا تھا نادر

عمر کا نام اونچا ہے فلک سے
عمر کی شان بڑھ کر ہے ملَک سے

سدا تقدیس کے پالے رہیں گے
عمر کے چاہنے والے رہیں گے

مرے ارماں سدا آباد رکھنا
عمر والے خدا آباد رکھنا

ثناگستر امامِ عدل کا ہوں
خوشا نوکر امامِ عدل کا ہوں

وصیت ہے عمر سے عشق کرنا
اسی پاکیزہ در سے عشق کرنا

مرے بچو! عمر والوں میں رہنا
صحابہ کے بہی خواہوں میں رہنا

عمر سے دوستی کرلو عزیزم
عمر کو زندگی کرلو عزیزم

عزیزم صاف ہے درپن عمر کا
عزیزم تھام لو دامن عمر کا

عمر سے ہے نبیۖ راضی، خدا بھی
عمر مصداق ہے آیات کا بھی

عمر کے نام لیواؤں میں رکھنا
خدایا مجھ کو حق والوں میں رکھنا

: نادر صدیقی صاحب
@madhesahabachainal ☜