Get Mystery Box with random crypto!

منقبت (سیدنا فاروق و حُسین رضی اللہ عنہما) تمہیں قصے سُنا | 🌸 مدحِ صحابہؓ پر اشعار 🌸

منقبت (سیدنا فاروق و حُسین رضی اللہ عنہما)

تمہیں قصے سُناتا ہوں، بہت روشن زمانوں کے
مدینہ شہر کے اُن خوش مقدر ساربانوں کے

عَجَم کے بادشاہوں کی قبائیں نوچ لیتے تھے
مکیں ایسے ہُوا کرتے تھے اُن کچے مکانوں کے

حُسین ابنِ علی جیسے جری رہتے تھے طیبہ میں
عمر فاروقِ اعظم حکمراں تھے اُن جوانوں کے

عمر فاروق جو روئے زمیں پر بات کرتے تھے
حمایت میں فرشتے بولتے تھے آسمانوں کے

ابھی تک ناز کرتی ہیں بہاریں خشک ٹیلوں پر
کہ جن سے قافلے اُترے تھے پاکیزہ گھرانوں کے

وہ جن کے نام کی ہیبت سے دریا سَر پٹختا تھا
خجل تھے اُن کی کرنوں سے اُجالے کہکشانوں کے

علی و فاطمہ کے لاڈلوں کی خوش خرامی پر
پرندے رشک کرتے تھے بہشتی گُلسِتانوں کے

ہم اہلِ دِل ہیں اور آزاد عمر کے نام لیوا ہیں
قصیدے لکھتے رہتے ہیں حجازی خوش بیانوں کے

: زکریا آزاد
@madhesahabachainal ☜