Get Mystery Box with random crypto!

یاد حضرت اویس قرنی رضی اللہ عنہ منقبت خیرالتابعین ، محبوب م | 🌸 مدحِ صحابہؓ پر اشعار 🌸

یاد حضرت اویس قرنی رضی اللہ عنہ

منقبت خیرالتابعین ، محبوب مصطفیٰ ، مَُقتداے اولیاء ، پیشواے صوفیاء ، عاشقِ شاہ زمن ، تاجدار یمن ، فنا فی الرسول ، حضرت خواجہ اویس قرنی رضی اللہ تعالی عنہ

چَرخِ اسلام کے مہتاب اویسِ قرنی
عشق کے گوہرِ نایاب اویسِ قرنی

بزمِ آقا میں تڑپ ہوگئی اُن کی مقبول
عشق میں یوں ہوئے بیتاب اویسِ قرنی

دور رہ کر بھی شہِ دیں کی وہ قربت پائ
بن گیے نازشِ اصحاب ، اویسِ قرنی

اُن کو آقا نے کیا طُورِ محبت کا کلیم
نور سے ہو گیے سیراب اویسِ قرنی

اپنا کُرتا انھیں محبوب خدا نے بھیجا
پا گیے جس سے بڑی تاب اویس قرنی

ان کے میخانے سے ہوتا ہے اجالا تقسیم
ابرِ رحمت کے ہیں میزاب ، اویس قرنی

یادِ سرکار میں وارُفتہ و بیخود ہردم
بحر الفت میں تھے غرقاب اویس قرنی

باعثِ عظمتِ اسلام ہے ، ان کا کردار
سَربسَر نعمتِ "وَہّاب" اویس قرنی

طائرِعشق ، بلندی پہ مسلسل ان کا
حُبِّ سرکار کے سِیماب اویس قرنی

فلسفہ ان کی بصیرت کا نہایت موزوں
نہ تو اِیجاز نہ اِطناب ، اویس قرنی

بخشش امتِ عاصی کا سنایا مژدہ
قصرِ جنت کے ہیں اک باب اویسِ قرنی

اُس گل عشق سے ملتی تھی نبی کو ٹھنڈک
اب رہیں گے یوں ہی شاداب اویسِ قرنی

تذکرہ اب بھی ہے ارباب وفا میں ان کا
زینتِ منبر و محراب اویس قرنی

مِشعلِ فکر و نظر ہے تری سیرت کا جمال
تو ہے مینارۂ دل تاب اویس قرنی

کیسی ہوگی مرےسرکار کے جُبّے کی جھلک
جس سے روشن، ترے اَنساب اویس قرنی

ایسے اعزاز ملے خدمتِ ماں سے تجھ کو
دوجہاں کرتے ہیں آداب ، اویس قرنی

تیری الفت کی ردا اوڑھی ہے جب سے ہم نے
ہیچ ہیں اطلس وکمخواب اویس قرنی

کیا لکھے تیرے فضائل میں فریدی ناچیز
تو بڑا ! چھوٹے ہیں القاب ، اویس قرنی


: فریدی صدیقی مصباحی
@madhesahabachainal ☜