Get Mystery Box with random crypto!

مناقب سیدنا عثمان ذوالنورین رضی اللہ تعالیٰ عنہ شفیقؔ رائے پ | 🌸 مدحِ صحابہؓ پر اشعار 🌸

مناقب سیدنا عثمان ذوالنورین رضی اللہ تعالیٰ عنہ

شفیقؔ رائے پوری
چھتیس گڑھ انڈیا

ہو جو قسمت سے مجھے دیدارِ عثمانِ غنی
اپنی آنکھوں میں بھروں انوارِ عثمانِ غنی

آ رہے ہیں ذہن میں اشعارِ عثمانِ غنی
ہو رہی ہے بارشِ انوارِ عثمانِ غنی

نازشِ جو و سخا سرکارِ عثمانِ غنی
دفترِ علم و ہنر گفتارِ عثمانِ غنی

عقد میں آئیں مِرے سرکار کی دو بیٹیاں
آپ ذوالنورین ہیں سرکارِ عثمانِ غنی

حیدرِ کرار بھی جس کی ثنا خوانی کریں
ہے وہ عالی مرتبت سرکارِ عثمانِ غنی

ہے لبِ صدیقِ اکبر پر بھی نغمہ آپ کا
اور عمر نے بھی کیا اقرارِ عثمانِ غنی

آپ کو آقا نے فرمایا ہے جنت کا رفیق
یعنی آقا خود ہیں جانب دارِ عثمانِ غنی

ذات ایسی جس سےکرتےہیں فرشتےبھی حیا
پیکرِ شرم و حیا سرکارِ عثمانِ غنی

حلم ، ایثار و وفا ، جود و سخا کے نور سے
ہے منور کس قدر دربارِ عثمانِ غنی

حشرمیں بو بکر و فاروق و علی کا ساتھ ہو
اور سر پر ہو تنی دستارِ عثمانِ غنی

جامعِ قرآنِ رب ، کانِ سخا ، جانِ حیا
ہے شفیقؔ اعلی بہت معیارِ عثمانِ غنی

@madhesahabachainal