Get Mystery Box with random crypto!

نئے سال کا دوسرا عطیہ ہے محوِ خواب ابوبکر جس دفینے میں کو | 🌸 مدحِ صحابہؓ پر اشعار 🌸

نئے سال کا دوسرا عطیہ

ہے محوِ خواب ابوبکر جس دفینے میں
کوئی مدینہءِ فردوس ہے مدینے میں
رواں ہے ناؤ سی جنت کے آبگینے میں
نبیۖ کے ساتھ ہیں شیخین بھی سفینے میں

ستارہ ساز نبیۖ نے اسے ستارہ کیا
یہ نور ، نورِ نبوت نے آشکارا کیا
یہ شاہ پارہ پیمبر نے شاہ پارہ کیا
ہمارے مولیٰ نے مولیٰ اسے ہمارا کیا

نمود ِ حسن سے لیتا ہوا نمو صدیق
ہر ایک ادا میں پیمبر کے ہوبہو صدیق
تمام اہلِ صداقت کی آبرو صدیق
بکھیرتا ہوا ہرسمت مشک بُو صدیق

وہ حسن حسن دل آرا، وہ شوق شوق حسین
وہ میری پہلی محبت وہ میرا پہلا یقین
خدا کرے کہ سلامت رہے وہ خلد مکین
وہی ہے پاک رسولوں کے بعد پاک ترین

خلاصہ یہ کہ طہارت کا خانوادہ ہے
عقیدہ اور عقیدت کا خانوادہ ہے
کسی صحیفے کی آیت کا خانوادہ ہے
اور اس کا راستہ سنت کا خانوادہ ہے

رسولِ پاک کے مسند نشیں پہ لکھتا رہوں
میں چاہتا ہوں خلافت نگیں پہ لکھتا رہوں
میں چاہتا ہوں میں صدق و یقیں پہ لکھتا رہوں
میں چاہتا ہوں کہ خلدِ بریں پہ لکھتا رہوں

اللھم صل على محمد وصحبہ وسلم

: نادر صدیقی
@madhesahabachainal ☜