Get Mystery Box with random crypto!

حسین کی شجاعت ====== باطل پہ ایسی ضر | 🌸 مدحِ صحابہؓ پر اشعار 🌸

حسین کی شجاعت
======
باطل پہ ایسی ضرب لگائی حسین نے
کوہِ ستم کو کردیا رائی ، حسین نے

ظالم کو اپنا دستِ مبارک دییے بغیر
موڑی یزیدیت کی کلائی حسین نے

ڈوبا ہوا ہےبحرِتعجب میں خُود فرات
کی پیاس سے دلوں کی سِنچائی حسین نے

دھاگےمیں موت کے،گُلِ ہستی پِروئے ہیں
رسمِ وفا لہو سے نبھائی حسین نے

جس سے بڑھی ہے عظمتِ پیشانیِ بَشَر
سَر دےدیا ،جبیں نہ جھکائی حسین نے

جاری ہےزندگی کا سفر، بعدِ موت بھی
بدلی ہیں سب رُسومِ قَضائی حسین نے

راہ خدا کی موت بھی رشکِ حیات ہے
سمجھا دییے اصولِ بقائی حسین نے

بخشی ہے خود خدا نے "بَل أَحیَاءْ" کی سند
گردن کچھ اِس ادا سےکٹائی حسین نے

خیرات پائ دامنِ جود و سخا نے بھی
یوں دولتِ حیات ، لُٹائی حسین نے

غم کا مہینہ مت کہو اِس ماہِ پاک کو
خودغم کو دی ہےغم سے رِہائی حسین نے

انسانیت کو شوکت و اعزاز بخش کر
دینِ نبی کی شان بڑھائی حسین نے

جس کی تجلی، قوتِ اسلام بن گئ
شَمْعِ خودی اک ایسی جَلائی حسین نے

اب سُرمۂ نگاہِ فلک اُس کی خاک ہے
دی کربلا کو ایسی اونچائی حسین نے

اَسرارِ فن ہوئے ہیں فریدی پہ آشکار
رکّھا ہے اِس پہ دستِ عطائی حسین نے
رضی اللّٰه تعالیٰ عنہ
°°°°°°°°
: فریدی صدیقی مصباحی
@madhesahabachainal ☜