Get Mystery Box with random crypto!

میری بذاتِ خود اردو اتنی اچھی نہیں پر نجیب رامپوری کی ایک پران | زِنــدَگی گُلـــــزَار ہَے

میری بذاتِ خود اردو اتنی اچھی نہیں پر نجیب رامپوری کی ایک پرانی لغت سے چرائے الفاظ آپ کی نذر کرنا چاہتا ہوں۔ ابتداء میں مجھے بھی ان باتوں کا علم نہیں تھا مطالعہ سے کچھ باتیں علم میں آگئیں جو حاضر خدمت ہیں۔

راشی۔۔۔۔۔ راشی عربی لفظ ہے اس کے معنی رشوت دینے والے کے ہیں اور جسے رشوت دی جائے اسے مرتشی کہتے ہیں مگر کہا یوں جاتا ہے کہ جو رشوت لے وہ راشی ہے۔

سکنہ۔۔۔۔۔ ساکن کی جمع ہے اور سکونت کا مصدر ہے۔ اس کے معنی ہیں ٹھہرنے والا، رہنے والا۔ مگر لکھنے پڑھنے میں اکثر ساکن کی جگہ سکنہ بطور واحد آتا ہے جو بالکل غلط ہے۔

ذمے وار۔۔۔۔۔ وار کے معنی سلسلے کے ہیں۔ جیسے نمبر وار، ہفتہ وار، ماہ وار مگر لوگ اسے ذمہ لینے کے معنوں میں استعمال کرتے ہیں حالانکہ اصل لفظ ہے ذمے دار، جیسے نمبردار، تحصیلدار، تھانے دار۔ اسی طرح لفظ قرض وار کی جگہ جیسے لفظ قرض دار ہے۔

مورخہ۔۔۔۔۔ معنی ہیں وہ تاریخ کہ جس میں کوئی فعل واقع ہو چکا ہو لیکن اکثر تحریروں میں فعل کے وقوع سے پہلے ہی مورخہ لکھ دیا جاتا ہے جیسے پرسوں مورخہ دس فروری کو ہمارے ہاں محفلِ موسیقی ہوگی۔ حالانکہ یہ صحیح نہیں، قاعدے کی رو سے مورخہ کی جگہ تاریخ لکھی جانی چاہئیے۔

مشکور۔۔۔۔۔ شکر، فعل۔ شاکر، فاعل اور مشکور مفعول ہے۔ مشکور کہنا غلط ہے۔ ظاہر ہے فاعل اور مفعول دو متضاد چیزیں ہیں۔ اس لئیے مفعول کو فاعل کے معنوں میں استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ میں آپ کا مشکور ہوں۔۔۔ اس کے معنی یہ ہوئے کہ میں آپکا شکریہ ادا نہیں کر رہا بلکہ آپ میرا شکریہ ادا کررہے ہیں لہٰذا مشکور کی جگہ ممنون کہنا چاہئیے۔

جاہل۔۔۔۔ جاہل کے معنی بے وقوفی کرنے والا، لیکن عام و خاص میں یہ لفظ ان پڑھ کے معنوں میں بولا جاتا ہے حالانکہ یہ درست نہیں۔ جہالت تو پڑھا لکھا بھی کر سکتا ہے اور شائستگی و تہذیب ان پڑھ میں بھی پیدا ہو سکتی ہے اور مشاہدہ تو یہ ہے کہ ان دنوں میں میں ان پڑھوں کی نسبت پڑھے لکھے زیادہ جاہل ثابت ہورہے ہیں۔

ناجائز تجاوزات۔۔۔۔۔ تجاوز بذات خود ناجائز کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے تو لفظ ناجائز غیر ضروری و بے معنی ہے۔

بے فضول۔۔۔۔۔ اسی طرح لفظ فضول خود بےکار، ناکارہ کے معنوں میں استعمال ہوتا ہے اس کے ساتھ بے کا اضافہ کوئی معنی نہیں رکھتا لہٰذا " بے" کہنا بھی فضول ہے۔

لکھائی و تدوین: غفار چنا